طرابلس، دبئی / 26 نومبر (آئی این ایس انڈیا) امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے منگل کے روز جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سینئر امریکی ذمے داران کے ایک وفد نے 24 نومبر کو لیبیا کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دشمنانہ کارروائیاں روکنے اور لیبیا میں سیاسی حل کے اطلاق کے طریقہ کار زیر بحث آئے۔ اس کے علاوہ دارالحکومت طرابلس میں عسکری کارروائیاں روکنے پر بھی بات چیت ہوئی۔لیبیا میں حفتر کی فوج رواں سال اپریل سے طرابلس پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ طرابلس اس وقت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ وفاق کی حکومت کے زیر کنٹرول ہے۔بیان کے مطابق امریکی وفد میں قومی سلامتی کونسل کی خاتون نائب مشیر وکٹوریا کوٹس بھی شامل تھیں۔بیان میں حفتر اور امریکی وفد کی ملاقات کے مقام کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔امریکی وزارت خارجہ کے مطابق وفد کے ارکان نے زور دیا کہ واشنگٹن لیبیا کی خود مختاری اور اس کی اراضی کی وحدت کو مکمل طور پر سپورٹ کرتا ہے۔ امریکی ذمے داران نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ روس لیبیا کے عوام کے حق میں اس تنازع سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے 14 نومبر کو جنرل خلیفہ حفتر سے مطالبہ کیا تھا کہوہ طرابلس میں اپنا فوجی آپریشن روک دیں۔ یہ مطالبہ وفاق کی حکومت میں شامل وزراء کے واشنگٹن کے دورے کے فوری بعد سامنے آیا۔